معاف کرنا ہمیں لڑکی پسند نہیں

                               ﷽

حامدا ومصلیا امابعد!

فرمانِ خداوندی ہے

وانتم الاعلون ان کنتم مؤمنین (القرآن)

تم ہی سربلند رہوگے اگر تم پکے سچے مسلمان بن جاؤ

آج ہرشخص عزت ورفعت کا خواہاں ہے سب کی خواہش اور آرزو ہے کہ اس کے پاس بینک بیلنس بنگلہ گاڑی اور نوکر چاکر ہوں

مگر جو عزت ورفعت اور کامیابی وکامرانی کا راستہ ہے  اس کو اختیار کرنے کے بجائے ہم دن بدن اس سے دور ہی ہوتے جارہے ہیں

      دینِ اسلام سے دوری ہی کا نتیجہ ہے کہ آج ہم اپنے سماج وسوسائٹی میں ذلیل و خوار ہیں

               عبداللہ ابن مبارکؒ کے پڑوس میں ایک یہودی رہتا تھا اس کو کسی وجہ سے اپنا مکان فروخت کرنا پڑا   خریدار نے پوچھا مکان کتنی قیمت پر فروخت کروگے؟

 تو یہودی نے کہا دوہزار دینار میں

       مشتری کہنے لگا اس جیسا مکان تو یہاں ایک ہزار دینار میں مل جائےگا تم دوگنی قیمت کا مطالبہ کس بناء پر کررہے ہو؟

پھر بائع (یہودی) نے کہا کہ مکان کی قیمت تو ایک ہی ہزار ہے دوسرا ایک ہزار دینار مکان کے پڑوس کی قیمت ہے کیونکہ اس مکان کے پڑوس میں ایک مسلمان رہتا ہے تم کو ایسا پڑوسی شاید ہی کہیں ملے

اس بناء پر میں نے دوگنی قیمت کا مطالبہ کیا ہے:   

اللّٰہ اکبر کبیرا

   محترم قارئینِ کرام!  جب ہم پکے اور سچے مسلمان تھے تو ہمارے پڑوس کی بھی قیمت لگتی تھی اور آج ہمیں اپنے پڑوس میں کوئی رکھنے کے لئے تیار نہیں ہے

وہ معزز تھے زمانے میں مسلماں ہوکر:

اور  ہم  خوار  ہوئے  تارکِ قرآں  ہوکر:

     ذلت وخواری اور انحطاط وپستی کے دلدل سے نکلنے کا راستہ یہی ہے کہ ہم پکے  اور سچے مسلمان ہوجائیں

آج فقط ہمارے نام مسلمانوں والے ہیں باقی ہمارا رہن سہن' چلنا پھرنا' اٹھنا بیٹھنا اور کھانا پینا حتیٰ کہ شادی بیاہ جو ایک عبادت ہے وہ بھی ہم غیروں کے طریقے کے مطابق کرنے لگے ہیں

     اللّٰہ رب العزت کا ارشاد ہے

فانکحوا ماطاب لکم من النساء (القرآن)

نکاح کرو ان عورتوں سے جو تم کو بھلی (اچھی) لگیں

اور ہمارا عمل یہ کہتا ہے کہ نکاح کراؤ ان عورتوں سے جو تم کو اچھی لگیں

مثلاََ نکاح ہونا ہے عبداللہ کا اور بچی یا عورت کو دیکھنے اور پسند کرنے کے لئے درجنوں کے حساب سے دیگر حضرات جاتے ہیں!    (بےگانے کی شادی میں عبداللہ دیوانہ) 

کیا جانے والے لوگ اس بچی یا عورت کے محرم رشتہ دار ہوتے ہیں؟

ظاہر سی بات ہے کہ لڑکے کے رشتہ دار ہی لڑکی دیکھنے جاتے ہیں جو لڑکی کے لئے غیرمحرم ہوتے ہیں اب آپ ہی بتائیں کہ کسی غیر محرم لڑکی یا عورت کو دیکھنے کی اجازت مذہبِ اسلام دیتا ہے؟

   جس کو دیکھنے کی اجازت ہے (ہونے والا دولہا) وہ دیکھ نہیں سکتا اور جن لوگوں کا دیکھنا ناجائز وحرام ہے وہ بےشرم لوگ دوسروں کے لئے دلہن دیکھنے اور پسند کرنے جاتے ہیں

کسی کی بہن یا بیٹی کو دیکھنے جب جاتے ہیں تو پہلے کہلوا بھیجتے ہیں کہ لڑکی دیکھنے ہم آرہے ہیں ادھر لڑکی کے دل پہ کیا گزرتی ہے؟

وہ دل ہی دل میں مرتی ہے تڑپتی ہے دعائیں مانگتی ہے اور یہ سوچ سوچ کر پاگل ہورہی ہوتی ہے کہ میں پسند آؤنگی یا نہیں؟

اگر پسند نہ آئی تو لوگ کیا کہینگے؟

پسند آبھی گئی تو لڑکا اور لڑکے والے کیسے ہونگے؟

ان جیسے ہزاروں سوالات اس لڑکی کے دل ودماغ میں چل رہے ہوتے ہیں

        نیز جانے والے ظالم وجاہل لوگ کسی کی بہن بیٹی کو بلواتے ہیں اور اس لڑکی کو اٹھاکر بیٹھاکر چلاکر پھراکر اور بھوکے بھیڑیے کی طرح اس کو گھور گھور کر دیکھتے اور چیک کرتے ہیں جیسے منڈی میں بھیڑ بکریوں کو پسند کیا جاتا ہے

اس کے بعد پرتکلف ناشتہ اور کھانا کھاکر ڈکارتے ہوئے واپس آکر ایک فون یا میسیج کردیتے ہیں کہ معاف کرنا ہمیں لڑکی پسند نہیں

محترم قارئين!  احقر دست بستہ عرض گزار ہے کہ کسی کے یہاں رشتے کی بات کرنے سے قبل اپنے یا ان کے متعلقین سے معلومات فراہم کرلیں اگر پھر بھی تسلی نہ ہو تو وہ لڑکا جس کی شادی ہونا ہے کسی بہانے سے ایک نظر دیکھ لے اگر گنجائش ہو ورنہ اپنے گھر کی مستورات کو کسی بہانے سے وہاں لے جائیں اور پھر آپ  کی مستورات جی بھرکے تسلی وتشفی کریں

اگر آپ کی مستورات کو تسلی وتشفی اور اطمینان ہوجائے پھر رشتے کی بات کریں ورنہ مقصد کو مخفی رکھتے ہوئے واپس اپنے گھر لوٹ جائیں

جب تلک لڑکی پسند نہ آئے رشتے کی بات ہرگز ہرگز نا کریں کیونکہ وہ ننھی سی معصوم سی لڑکی انسان ہے کوئی حور یا فرشتہ نہیں اس کے بھی اپنے کچھ جذبات' کچھ خواب اور کچھ سپنے ہونگے

اس کی بھی تو کوئی عزتِ نفس ہے؟

اپنے چاند جیسے بیٹوں کے لئے مثلِ حور یا پریاں ضرور ڈھونڈیں۔۔۔مگر۔۔۔ کسی کی بہن بیٹی میں عیب لگاکر نہیں۔ کسی کی بددعا اور آہ لے کر نہیں۔  ورنہ اپنے آپ کو عذابِ الہٰی کے لئے تیار رکھیں

      اللّٰہ تبارک وتعالیٰ ہمیں اسلام کے سائے تلے عزت ورفعت اور عافیت والی زندگی نصیب فرمائے (آمین)

دعاؤں کا طالب!     رضوان اللّٰہ
خادم التدریس! مدرسہ انجمن اسلامیہ سلیم نگر رڑھیا مشرقی چمپارن بہار الہند 

تبصرے

ایک تبصرہ شائع کریں

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

اسلام کا مضبوط ترین عمل

انٹرنیشنل فقراء

ہماری اولاد نافرمان کیوں ہیں؟